Mar ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۲ Asia/Tehran
  • ڈاکٹر ہرش وردھن
    ڈاکٹر ہرش وردھن

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے چاندنی چوک علاقے سے موجودہ بی جے پی رکن پارلیمان اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی کے لیڈر، سابق مرکزی وزیر صحت اور دارالحکومت دہلی کے چاندنی چوک حلقے سے موجودہ رکن پارلیمان داکٹر ہرش وردھن نے سیاست سے علیٰحدگی کا اعلان کردیا ہے۔ بی جے پی نے ہفتے کے دن آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لئے اپنی پہلی فہرست جاری کی تھی جس میں چاندنی چوک پارلیمانی حلقے سے ڈاکٹر ہرش وردھن کی جگہ پروین کھنڈیلوال کو امیدوار بنایا گیا ہے۔

بی جے پی کے 195 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ہونے سے پہلے ہی بی جے پی لیڈران کا سیاست سے کنارہ کش ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ فہرست جاری ہونے کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ سیاست کو الوداع کہنے والے بی جے پی لیڈروں میں اب ڈاکٹر ہرش وردھن کا نام بھی جڑ گیا ہے جنہوں نے سیاست سے کنارہ کش ہو کر اپنی جڑوں کی جانب واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ان سے قبل گوتم گمبھیرو جینت سہنا بھی سرگرم سیاست سے کنارہ کش ہونے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔

بی جے پی کے امیدواروں کی فہرست جاری ہونے سے پہلے  گوتم گمبھیر اور جینت سنہا نے پارٹی قیادت سے خود کو سیاسی سرگرمیوں سے الگ کرنے کی اپیل کی تھی۔ اب ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی سیاسی سرگرمیوں سے الگ ہونے کے لیے اجازت طلب کی ہے۔

اس بار ٹکٹ نہ دینے کے پارٹی کے فیصلے پر ڈاکٹر ہرش وردھن نے کسی ناراضگی کا اظہار تو نہیں کیا ہے لیکن سیاست سے کنارہ کشی کا ارادہ ظاہر کرنا ان کی مایوسی کا اظہار تصور کیا جا رہا ہے۔

 

 

 

ٹیگس