ہندوستان میں انتخابات کے قریب دل بدلی، بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کانگریس پارٹی میں شامل (ویڈیو)
ہندوستان میں دوہزار چوبیس کے انتخابات کے پیش نظر سیاستدانوں کی دل بدلی کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کردیا
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست ہریانہ کی حصار لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ برجیندر سنگھ چودھری، اس پارٹی سے مستعفی ہو کر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ بریجندر چودھری کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر پہنچ کر کانگریس میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے کئی اہم لیڈران بھی موجود تھے۔برجیندرچودھری کے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے کو بی جے پی کےلیے ایک بڑا جھٹکا بتایا جا رہا ہے۔ بریجندر سنگھ چودھری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے استعفیٰ کی اطلاع دی تھی۔انہوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا تھا کہ میں نے سیاسی وجوہات کی وجہ سے بی جے پی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس کا بھی انعقاد ہوا جس میں ان کے پارٹی میں شامل ہونے کا خیرمقدم کیا گیا۔