آئینی اداروں پر حملہ اور آئین اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے: سونیا گاندھی
ہندوستان کے لوک سبھا انتخابات میں حکمراں اور حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے ووٹروں سے اپیل اور ایک دوسرے کے رہنماؤں پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے اس الیکشن کو جمہوریت اور آئین کو بچانے کا الیکشن قرار دیتے ہوئے دہلی کے رائے دہندگان سے دہلی کی تمام سات سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو جتانے کی اپیل کی ہے۔
محترمہ گاندھی نے الزام لگایا کہ آئینی اداروں پر حملہ کیا جا رہا ہے اور آئین اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
کانگریس کی سینئر لیڈر نے کہا کہ دہلی کے میرے پیارے لوگو، یہ بہت اہم الیکشن ہے۔ یہ الیکشن ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کا الیکشن ہے۔ یہ الیکشن بے روزگاری، مہنگائی اور آئینی اداروں پر حملے کو بچانے جیسے مسائل پر لڑا جا رہا ہے۔ اس لئے دہلی کے عوام کو اس لڑائی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
دوسری جانب بی جے پی کے لیڈروں نے کہا ہے کہ دہلی کی تمام سیٹوں پر بی جے پی کے امیدوار کامیابی حاصل کریں گے اور نریندر مودی تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم بنیں گے۔