May ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۰۰ Asia/Tehran
  • دہلی کے چائلڈ کیئر اسپتال میں زبردست آگ لگنے سے سات نوزائیدہ بچوں کی موت

دہلی کے وویک وہار علاقے میں بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے ایک اسپتال ’نیوبورن بیبی کیئر ہاسپٹل‘ میں آگ لگنے سے 7 نوزائیدہ بچوں کی موت ہوگئی جبکہ 5 بچے زخمی ہو گئے ہیں جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: پولیس اور فائر محکمے کے مطابق 12 بچوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 7 کی موت ہو چکی ہے۔ ان میں سے 5 بچے زخمی ہیں جن کا مشرقی دہلی کے ایڈوانسڈ کیئر ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔

دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) کے سربراہ اتل گرگ نے کہا کہ سات بچوں کو ہسپتال میں مردہ قرار دیا گیا، جب کہ پانچ نوزائیدہ بچوں کا علاج چل رہا ہے۔

علاقے کے ڈی سی پی کے مطابق بچوں کی تمام 7 لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی ٹی بی اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ کئی آکسیجن سلنڈرس کے پھٹنے کی وجہ سے لگی ہے، جبکہ فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے ابھی تک آگ لگنے کی وجہ نہیں بتائی ہے۔

خبروں کے مطابق فائر محکمہ کو رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی جس کے فوری بعد فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیوں کو موقع پر روانہ کی گئیں۔

اس حادثے کے بعد اسپتال کا مالک نوین کِچی فرار ہو گیا ہے۔ پولیس کی اطلاع کے مطابق اسپتال کے مالک کے خلاف 336 اور 304 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ٹیگس