انڈیا اتحاد کا یکم جون کو ایک بڑی میٹنگ کے انعقاد کا اعلان
ایسے میں جبکہ ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات اپنے اختتامی مراحل میں پہنچ رہے ہیں ، انڈیا اتحاد نے یکم جون کو ایک بڑی میٹنگ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: لوک سبھا الیکشن دو ہزار چوبیس کے آخری مرحلے میں ووٹنگ یکم جون کو ہوگی اور پھر چار جون کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا ، تاہم انتخابات ختم ہونے کی تاریخ، جوں جوں قریب آ رہی ہے، حکمراں جماعت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بے چینی نظر آرہی ہے۔ انڈیا اتحاد یکم جون کو ایک بڑی میٹنگ منعقد کرنے جا رہا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے اتحاد نے بھی انتخابی نتائج سے قبل، ایک میٹنگ رکھی ہے۔
نتائج سے پہلے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے یکم جون کو انڈیا اتحاد کی میٹنگ بلائی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آخری مرحلے کی ووٹنگ کے دن انڈیا اتحاد کے اعلیٰ رہنما دہلی میں انتخابات کا جائزہ لیں گے اور آگے کی حکمت عملی بنائیں گے۔ ذرائع کے مطابق انڈیا الائنس کو تین سو سیٹیں جیتنے کا یقین ہے۔
اس درمیان جہاں انڈیا اتحاد میں شامل سبھی پارٹیوں نے شرکت کا اعلان کیا ہے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے انڈیا الائنس میٹنگ میں شرکت کرنے سے دوری بنالی ہے۔ انڈیا بلاک کی یہ میٹنگ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے تہاڑ جیل میں خود سپردگی کرنے سے ایک دن پہلے بلائی گئی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ میٹنگ یکم جون کو ہو رہی ہے کیونکہ کیجریوال کو دو جون کو تہاڑ جیل میں خودسپردگی کرنی ہے۔
دوسری طرف این ڈی اے بھی، جے پور میں میٹنگ کرنے جا رہا ہے۔ اس میٹنگ میں انتخابی نتائج اور نتائج کے بعد کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کی سبھی اہم پارٹیاں شرکت کریں گی۔
وزیراعظم نریندر مودی گزشتہ دس برسوں سے مرکز میں برسراقتدار ہیں۔ بی جے پی کو امید ہے کہ بی جے پی، ملک میں مسلسل تیسری بار حکومت بنانے جا رہی ہے۔