ہندوستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز، آئرلینڈ کو شکست
ہندوستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آئرلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سےآغاز کردیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: نیویارک میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔میچ کے تیسرے ہی اوور کی پہلی گیند پر ارشدیپ سنگھ نے پال اسٹرلنگ کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا کر ٹیم کو کامیابی دلائی ۔آئرلینڈ کی پوری ٹیم سولہ اوورز میں چھیانوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
روہت شرما نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن ہندوستانی ٹیم کو بھی ابتدا میں اس وقت بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب ویرات کوہلی صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ریشابھ پنت نے کپتان روہت شرما کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے چون رنز جوڑ کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔روہت شرما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی لیکن تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے باون رنز بنانے والے ہندوستانی کپتان ریٹائرڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
سوریا کمار یادیو بھی صرف دو رنز بنا سکے لیکن ہندوستان کو ہدف کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور اس نے بآسانی بارہ اعشاریہ دو اوورز میں ہدف حاصل کر کے شاندار فتح اپنے نام کر لی۔