Jun ۰۶, ۲۰۲۴ ۲۰:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر نو منتخب بی جے پی ایم پی اور اداکارہ کنگنا رانوت کو خاتون کانسٹیبل کے تھپڑ مارنے پر افرا تفری

ہندوستانی میڈیا کی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والی ادارکارہ کنگنا رانوت کو چنڈی گڑھ ہوائی اڈے پر سی آئی ایس ایف کی خاتون کانسٹیبل نے تھپڑ ماردیا جس کے بعد ہوائی اڈے پر افرا تفری مچ گئی۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بالی وڈ اداکارہ اور نو منتخب بی جے پی رکن پارلیمان کنگنا رانوت کو چنڈی گڑھ ہوائی اڈے پر ڈیوٹی پر تعینات سی آئی ایس ایف کی خاتون کانسٹیبل نے تھپڑ ماردیا۔ رپورٹ کے مطابق ان دونوں خواتین میں کسانوں کے موضوع پر بحث ہوئی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ کنگنا رانوت بی جے پی کی میٹنگ میں شرکت کے لئے وستارا ایئرلائنس کی پرواز سے دہلی جا رہی تھیں۔ جب کنگنا بورڈنگ کے لئے جا رہی تھیں تو اسی دوران خاتون کانسٹیبل سے ان کی کوئی بات ہوئی اور پھر اچانک کانسٹیبل نے انہیں تھپڑ مار دیا۔ خاتون کانسٹیبل کا نام کلوندر کور بتایا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس سلسلے میں کنگنا رانوت نے خاتون کانسٹیبل کے خلاف شکایت کی ہے اور کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ یہ واقعہ آج جمعرات کو دوپہر کے بعد تقریباً تین بج کر چالیس منٹ پر پیش آیا۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق کسانوں کے موضوع پر خاتون کانسٹیبل نے کنگنا کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے تھپڑ مارا۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسانوں سے متعلق کنگنا کے دیئے گئے بیان پر خاتون سپاہی ناراض تھیں، اس لیے یہ رویہ اختیار کیا۔

 

 

ٹیگس