Jun ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • نریندر مودی نے تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا

نریندر مودی نے مسلسل تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا

سحرنیوز/ہندوستان: نئی دہلی میں راشٹریہ بھون کے سبزہ زاروں پر بڑی تعداد میں موجود ملکی اور غیر ملکی مہمانوں اور شخصیات کی موجودگی میں نریندر مودی نے ہندوستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ ہندوستان کی صدر دروپدی مور مور نے ان سے عہدے اور رازداری کا حلف لیا اس موقع پر وہاں موجود بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں اور ممبران پارلیمنٹ نے ان کے حق میں نعرے لگائے۔
نریندرمودی کے بعد ان کی کابینہ کے وزرا نے بھی عہدے اور رازداری کا حلف اٹھالیا۔ نریندرمودی کے بعد بی جے پی سینیئر لیڈر راج ناتھ سنگھ اور پھر امت شاہ نے عہدے کا حلف اٹھایا۔
وزیر اعظم مودی کے تیسری مدت کے لئے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھانے کی تقریب میں مختلف پڑوسی ملکوں کے سربراہان بھی شریک رہے۔ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے، نیپال، بھوٹان، بنگلادیش، سری لنکا، مالدیپ، سیشلز اور ماریشس کے سربراہوں کو شرکت کے دعوت نامے بھیجے گئے تھے۔
بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سمیت مختلف پڑوسی ملکوں کے سربراہان مسٹر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے دہلی پہنچے ہیں۔
نریندرمودی ہندوستان کے ایسے دوسرے وزیر اعظم ہيں جنہوں نے مسلسل تین بار ملک کے وزیر اعظم کی حیثيت سے عہدے کا حلف اٹھایا۔

ٹیگس