Jun ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: وزیر اعظم مودی کے بیان پر کانگریس کا سخت ردعمل

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے ان پر اپنی خامیوں کو چھپانے کے لیے ماضی کو کھودنے اور غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ کر کے جمہوریت اور آئین کو گہرا دھچکا پہنچانے کا الزام عائد کیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے سرکاری خبر رسان ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے ماضی کو کھودتے رہتے ہیں، پچھلے دس برسوں میں آپ نے ایک سو چالیس کروڑ ہندوستانیوں کو 'غیر اعلانیہ ایمرجنسی' کا احساس دلایا، جس سے جمہوریت اور آئین کو گہرا دھچکا لگا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ پارٹیوں کو توڑنا، پچھلے دروازے سے منتخب حکومتوں کو گرانا، پچانوے فیصد اپوزیشن لیڈروں پر ای ڈی، سی بی آئی، آئی ٹی کا غلط استعمال، یہاں تک کہ وزیراعلی کو جیل میں ڈالنا اور انتخابات سے پہلے طاقت کا استعمال مساوی مواقع سے محروم کرنا کیا یہ ایک غیر اعلانیہ ایمرجنسی نہیں ہے؟‘‘
سوالات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے قومی صدر نے کہا مودی جی اتفاق رائے اور تعاون کی بات کرتے ہیں، لیکن ان کا عمل اس کے برعکس ہے۔ واضح رہے کہ ملکارجن کھڑگے کا یہ بیان گزشتہ روز وزیر اعظم مودی کے کانگریس کے خلاف سخت بیان کے جواب میں سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے سنہ 1975 میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اندرا گاندھی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کی تھی۔

ٹیگس