Jul ۰۹, ۲۰۲۴ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • کشمیر میں پھر بڑا حملہ، چار ہندوستانی فوجی ہلاک

جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے لوہی ملہار علاقے میں پیر کی سہ پہر عسکریت پسندوں نے فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او) سمیت چار اہلکار جاں بحق ہو گئے جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق جموں وکشمیر میں پیر کی سہ پہر عسکریت پسندوں نے بدانوٹ، لوہائی، ملہار نامی علاقے میں فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے یہ حملہ انجام دیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر دستی بم پھینک کر حملہ کیا جس میں 4 ہندوستانی فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ 6 زخمی ہوگئے ہیں جنہیں فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا ہے۔

 یہ حملہ کٹھوعہ ضلع سے 150 کلومیٹر دور بدانوٹ گاؤں میں اس وقت پیش آیا جب فوج کی کچھ گاڑیاں علاقے میں معمول کی گشت پر تھیں۔ ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں اضافی دستے بھی بھیجے گئے ہیں۔ آس پاس کے سبھی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔

 

ٹیگس