ریاست منی پور کی حالت تشویشناک
ہندوستان میں کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے ریاست منی پور کی حالت کو تشویشناک بتایا ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان راہل گاندھی نے جمعرات کو منی پور کا دورہ کیا ۔ انھوں نے منی پور پہنچنے کے بعد ریلیف کیمپوں ميں رہنے والوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔
راہل گاندھی نے ریلیف کیمپوں اور فساد سے متاثر ہونے والوں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ منی پور میں آج بھی حالات کشیدہ ہیں اور لوگ ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ ریاست منی پور آج بھی دو حصوں ميں تقسیم ہے اور لوگوں کے گھر آج بھی جل رہے ہیں اور ہزاروں کنبے ریلیف کیمپوں ميں رہنے پر مجبور ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو منی پور آکر یہاں کے حالات کا معائنہ کرنا اور لوگوں سے امن کی اپیل کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں امن و امان کی بحالی اور لوگوں کے دلوں سے خوف نکالنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی جماعت اور انڈیا الائنس پارلیمنٹ ميں پوری قوت سے منی پور کا مسئلہ اٹھائے گا۔