Jul ۱۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • کروڑوں ملازمت پیدا کرنے کے حکومتی دعوے مسترد، ہندوستان کی اپوزیشن جماعت

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت نے کروڑوں ملازمت پیدا کرنے کے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اُسے اعداد و شمار کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈٰیا کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے 14 جولائی کو ممبئی میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ تین چار برسوں میں آٹھ کروڑ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں جس پر جہاں کئی حلقوں نے سوال اٹھائے ہیں وہیں اپوزیشن جماعت کانگریس نے سخت نکتہ چینی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس معاملے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک طویل بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ روزگار میں اضافہ کا جو دعویٰ کیا جا رہا ہے اس میں خواتین کے ذریعہ کیے جانے والے بغیر تنخواہ والے گھریلو کام کو بھی شامل کیا گیا ہے، یہ دکھائے گئے روزگار کا ایک بڑا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ایسے وقت میں جب ہندوستان سنگین طور پر مودی-میڈ بے روزگاری کا سامنا کر رہا ہے، جب ہر ملازمت کے لیے لاکھوں نوجوان درخواست کر رہے ہیں، تب وزیر اعظم چیزوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے، توجہ بھٹکانے اور حقیقت سے انکار کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ کانگریس کے رہنما کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے روزگار کے معیار اور حالات پر توجہ دیے بغیر روزگار کی بہت وسیع تعریف اختیار کر روزگار پیدا کرنے کا دعویٰ کرنے کے لیے کچھ مہارت کے ساتھ اعداد و شمار کی بازیگری کی ہے۔

ٹیگس