ہندوستان: حجاب کے معاملے پر طالبات کو بڑی راحت
سپریم کورٹ آف انڈیا نے طالبات کے حجاب معاملے پر ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے ممبئی کی کالج طالبات کو بڑی راحت دینے کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ممبئی کے دو کالجوں میں حجاب، اسٹول اورٹوپی پہننے پرعائد پابندی عدالت عظمیٰ نے ہٹا دی ہے۔ حالانکہ برقع پہننے پر لگی پابندی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اس معاملے میں آئندہ سماعت اٹھارہ نومبر کے بعد کرنے کی بات کہی ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے این جی آچاریہ اور ڈی کے مراٹھے کالج نے طالبات کے حجاب، اسٹول اور برقع وغیرہ پہننے پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔ اس کے خلاف نو لڑکیوں نے پہلے ممبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا، لیکن ہائی کورٹ نے اس عرضی کو خارج کر دیا تھا۔ بعد ازاں عرضی دہندگان نے سپریم کورٹ کا رخ کیا، جس پر عدالت عظمی نے حجاب اور اسٹول وغیرہ پر لگی پابندی ہٹادی ہے تاہم برقع پہننے کی فی الحال اجازت نہيں دی ہے۔
عدالت نے کالجوں کی اس دلیل کو مسترد کردیا کہ حجاب سے طالبات کے مذہب کی نشاندہی ہوتی ہے عدالت کا کہنا ہے کہ مذہب کے پہنچان ان کے نام سے بھی ہوتی ہے اس لئے اس طرح کے اصول کالج میں نہ بنائے جائيں ۔