Sep ۰۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اولمپک ریسلرز ونیش پھوگٹ اور بجرنگ پونیا کانگریس میں شامل

ہندوستان کی اولمپک ریسلرز ونیش پھوگٹ اور بجرنگ پونیا نے سیاست کے میدان میں قدم رکھتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق ریاست ہریانہ میں صوبائی انتخابات سے ایک ہفتہ قبل ان دونوں اولمپک ریسلرز نے سیاست کے میدان میں قدم رکھنے کا اعلان کیا۔ ونیش پھوگٹ گزشتہ ماہ پیرس اولمپکس سے اچانک باہر ہوگئی تھیں اور دنیا بھر میں اولمپکس کے قوانین پر تنقید کی گئی تھی اور وہ جذباتی انداز میں واپس آگئی تھیں۔ ونیش پھوگٹ کو خواتین کے فری اسٹائل فائل میں پچاس کلو گرام وزن سے صرف سو گرام زیادہ ہونے پر مقابلے سے باہر کر دیا گیا تھا حالانکہ انہیں گولڈ میڈل کے لیے فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا۔ جبکہ بجرنگ پونیا نے ٹوکیو اولمپکس دو ہزار بیس میں مردوں کے پینسٹھ کلوگرام ریسلنگ کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
ونیشن پھوگٹ اور بجرنگ پونیا نے ریسلنگ کے سربراہ کے خلاف جنسی ہراسانی کے حوالے سے گذشتہ سال احتجاج کیا تھا۔ ونیش پھوگٹ نے اس موقع پر کہا کہ ہماری جنگ جاری رہے گی اور ہم عدالت اور زندگی میں بھی جیتیں گے، مجھے ایک ایسی پارٹی کے ساتھ ہونے پر فخر ہے جو خواتین کے ساتھ اور بے انصافی کے خلاف کھڑی ہے۔ بجرنگ پونیا کا کہنا تھا کہ کسانوں، سپاہیوں اور جوانوں سے تعاون کے لیے احتجاج کے دوران جو سخت محنت ہم نے کی تھی، اسے ہم ملک کے لیے جاری رکھیں گے۔

ٹیگس