Sep ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: آتشی، دہلی کی نئی وزیر اعلی منتخب

دہلی حکومت میں وزیر رہی آتشی مارلینا دہلی کی نئی وزیر اعلی ہوں گی۔ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد آج ان کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ آتشی اس وقت دہلی حکومت کی کابینہ کی وزیر ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان:  آج صبح ساڑھے گیارہ بجے عام آدمی پارٹی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں آتشی کو لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ انہیں اروند کیجریوال کی جگہ پر وزیر اعلی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اروند کیجریوال آج شام ساڑھے چار بجے گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کر کے اپنا استعفی سونپیں گے۔
خیال رہے کہ کیجریوال نے اعلان کیا تھا کہ وہ دو دن بعد دہلی کے وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دے کر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ پارٹی کے اجلاس میں آتشی مارلینا کی نامزدگی کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب دہلی میں عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینے کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ آتشی کا تعلق پنجابی راجپوت خاندان سے ہے اور وہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔
آتشی کو کیجریوال کا قریبی ساتھی اور معتمد سمجھا جاتا ہے۔ وہ انا ہزارے تحریک کے وقت سے ہی تنظیم میں سرگرم ہیں۔ فی الحال، ان کے پاس متعدد وزارتوں کی ذمہ داری ہے اور مارچ میں کیجریوال کے جیل جانے کے بعد سے وہ پارٹی سے لے کر حکومت تک کے مسائل پر قیادت کرتے ہوئے دیکھی گئی ہیں۔

ٹیگس