Sep ۲۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • جموں و کشمیر میں بی ایس ایف کی بس کو حادثہ، متعدد افراد ہلاک اور زخمی

جموں و کشمیر کے علاقے بڈگام میں ہندوستان کی بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی ایک بس حادثے کا شکار ہوگئی جس میں کم از کم چار کے ہلاک اور چھتیس کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے وترہیل علاقے میں جمعہ کی شام بی ایس ایف کی گاڑی کو الیکشن ڈیوٹی کے دوران حادثہ اُس وقت پیش آیا، جب وہ دشوار گزار راستے سے گزرتے وقت اچانک سے سڑک سے نیچے اتر گئی اور ایک کھائی میں جا گری۔ اس حادثے میں بی ایس ایف کے چار اہلکار ہلاک اور چھتیس زخمی ہو گئے جن میں بارہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں بہتر علاج کے لیے سری نگر کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
ضلع ہسپتال بڈگام میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ ہسپتال میں تینتیس زخمی جوانوں کو لایا گیا، جن میں سے دو پہلے ہی دم توڑ چکے تھے جبکہ مزید دو جوان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ڈاکٹر نے مزید کہا کہ زخمی اہلکاروں میں سے ایک درجن کی حالت نازک ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے حوالے سے انتظامیہ نے واقعے کی مکمل جانچ کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق گاڑی دشوار گزار راستے پر قابو نہ پا سکی، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔

ٹیگس