Dec ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: تحریک عدم اعتماد، راجیہ سبھا میں ہنگامہ

ہندوستان کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں آج ایک بار پھر ہنگامہ ہوا تاہم آج ہنگامے کا موضوع چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق میڈیا رپورٹس تھیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ایوان بالا راجیہ سبھا میں کارروائی کے آغاز پر چیئرمین جنگدیش دھنکھڑ نے کہا کہ انہیں رُول دو سو سڑسٹھ کے تحت چار نوٹس موصول ہوئے ہیں، جنہیں مسترد کیا جاتا ہے۔
اس پر ایوان میں اپوزیشن ارکان نے شور مچانا شروع کر دیا اور اونچی آواز میں بولنے لگے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین نے کانگریس پر آئین کے آرٹیکلز کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد دینے کے بعد چودہ دن کا انتظار کرنا چاہئے لیکن کانگریس میڈیا اور سوشل میڈیا میں چارج شیٹ جاری کر کے نائب صدر کے خلاف الزامات کو مسلسل عام کر رہی ہے جو نائب صدر کے عہدے کی توہین ہے۔

بی جے پی اراکین کی جانب سے اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے پر بھی چیئرمین کی مسلسل توہین کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ دوسری جانب کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے ایوان کو قواعد کے تحت چلائے جانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ مزدور کے بیٹے ہیں اور ان کی بھی مسلسل توہین کی جا رہی ہے۔ اس پر ایوان میں دونوں طرف سے ہنگامہ ہونے لگا۔

چیئرمین دھنکڑ نے کہا کہ ایوان کا کام کرنا قوم اور معاشرے کے مفاد میں ہے۔ دونوں جماعتوں کے قائدین آج میرے کمرے میں آئیں اور مجھ سے بات کریں۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی پیر تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

ٹیگس