بنگلہ دیش کا ہندوستان سے شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ
بنگلہ دیش نے اس ملک کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کیاہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: بنگلہ دیش کی سابق وزير اعظم شیخ حسینہ واجد گزشتہ اگست میں ہنگاموں کے بعد ملک چھوڑ کر ہندوستان چلی گئی تھیں جس کے بعد ان کی حکومت گر گئی۔ ڈھاکا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے قائم مقام وزیر خارجہ توحید حسن نے کہا ہے کہ ہم نے ہندوستان کو آگاہ کر دیا ہے کہ شیخ حسینہ عدالتی عمل کےلیے ہمیں مطلوب ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ درخواست ایک نوٹ وربل کے ذریعے بھیجی گئی ہے ۔ہندوستان کی حکومت نے بنگلہ دیش کی حکومت کی جانب سے اس اعلان پر ابھی کوئی ردعمل ظاہر نہيں کیا ہے۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کے قائم مقام وزیر داخلہ جہانگیر عالم شیخ حسینہ کی حوالگی کے بارے میں ایک خط بھیجے جانے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھاکہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان حوالگی کا معاہدہ موجود ہے اور اس معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش واپس لایا جا سکتا ہے۔ شیخ حسینہ کے استعفے کے بعد سے ان کے اور ان کی جماعت عوامی لیگ کے رہنماؤں کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔