ہندوستان میں نکسلیوں کا بڑا حملہ، 9 اہلکاروں سمیت 10 ہلاک
چھتیس گڑھ کے بیجاپور علاقے میں نکسلیوں نے ایک بڑا حملہ کیا ہے۔ پیر کو نکسلیوں نے کٹرو روڈ پر سیکورٹی فورسیز کی ایک بکتر بند گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے میں 10 اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، اتوار کو سیکورٹی فورسیز نے ابوجھماڑ کے علاقے میں ایک بڑے آپریشن کو انجام دیا تھا۔ علاقے کی تلاشی لینے کے بعد سیکورٹی اہلکار واپس اپنے کیمپ کی طرف لوٹ رہے تھے۔ اہلکاروں کو واپس لانے کے لیے بولیرو پک اپ گاڑی بھیجی گئی تھی۔ اسی گاڑی کو نکسلیوں نے نشانہ بنایا۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق دنتے واڑہ، نارائن پور اور بیجاپور سے اہلکاروں کی ایک مشترکہ ٹیم آپریشن کے بعد واپس لوٹ رہی تھی۔ دریں اثنا تقریباً 2:15 بجے، نامعلوم ماؤنوازوں نے بیجاپور ضلع کے کٹرو تھانہ علاقے کے گاؤں امبیلی کے قریب سیکورٹی فورس کی گاڑی کو بم سے اڑا دیا، جس میں دنتے واڑہ ڈی آر جی کے 9 اہلکار اور ایک ڈرائیور سمیت 10 کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
موصولہ معلومات کے مطابق نکسلیوں نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ اچانک دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اس واقعے کے بارے میں چھتیس گڑھ اسمبلی کے اسپیکر رمن سنگھ نے کہا کہ جب بھی نکسلیوں کے خلاف بڑے آپریشن کیے جاتے ہیں، وہ اس طرح کی بزدلانہ حرکتیں کرتے ہیں۔ چھتیس گڑھ حکومت نکسل ازم کے خلاف جو اقدامات اٹھا رہی ہے اسے مزید تیز کرے گی۔ حکومت ڈرنے یا جھکنے والی نہیں ہے، ان کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔