بھارت موبلٹی گلوبل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے مودی کا خطاب
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھارت موبلٹی گلوبل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس جاری ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق نقل و حمل کی صنعت کا یہ بہت بڑا پروگرام قومی دارالحکومت میں تین مقامات پر منعقد کیا گیا جو 22 جنوری تک جاری رہے گا، جس میں ہندوستان اور بیرون ملک سے 15 ہزار سے زائد کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کل اس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سفر کو آسان بنانا ہندوستان کے لئے ایک اہم ترجیح ہے اور پچھلے بجٹ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے 11 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مختص کی گئی تھی مسٹر مودی نے کہا "ہم ملٹی لین سڑکوں اور ہائی ویز کے نیٹ ورک کو پھیلانے میں مصروف ہیں ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان کی آٹوموبائل صنعت نے گزشتہ سال 12 فیصد کی شرح نمو سے ترقی کی۔ میک ان انڈیا اور میک فار دی ورلڈ کے منتر پر عمل کرتے ہوئے اب برآمدات بھی بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا سفر بھی نقل و حمل کے شعبے میں بے مثال تبدیلی کا سفر ہوگا اور یہ کئی گنا توسیع کا سفر ہونے والا ہے۔ نریندر مودی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی، متوسط طبقہ، بڑھتی ہوئی شہری کاری، جدید اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات، ہندوستان میں بنی سستی گاڑیوں کی فراہمی، یہ چیزیں ہندوستان کے آٹوموبائل سیکٹر کو آگے لے جانے والی ہیں۔