ہندوستان: پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی
ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کی
سحرنیوز/ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق جمعرات کو پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے کانگریس پارٹی اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس کو ایوان میں عوامی مسائل کو اٹھانے کی اجازت نہیں دی جاتی اور حکومت بنیادی امور پر بحث کے لئے تیار نہیں ہے۔ لوک سبھا کے اسپیکر کے اوم برلا نے اپوزیشن کے اراکین سے پرسکون رہے اور ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی اپیل کی لیکن ہنگامہ جاری رہا ہے جس کے بعد انھوں نے کارروائی ملتوی کردینے کا اعلان کردیا۔
![](https://media.sahartv.ir/image/4c9250f71527af2kxov_800C450.jpg)
ادھر ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے اراکین نے وقف ترمیمی بل کے حوالے سے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ کے پیش کئے جانے کے بعد ہنگامہ اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ مشترکہ پارلیمانی رپورٹ سے اپوزیشن اراکین کے اختلافی نوٹ کو حذف کردیا گيا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آج کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں کے اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں جمع ہوکر ماہی گیروں قبائلیوں کی حمایت میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کی قیادت میں ہونے والے اس مظاہرے میں کانگریس کے علاوہ دیگر جماعتوں کے اراکین پارلیمان نے بھی شرکت کی۔