Feb ۲۵, ۲۰۲۵ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں حجاب کی وجہ سے طالبات کو امتحان دینے سے روکا گيا!

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور میں باحجاب طالبات کو امتحان دینے سے روکنے کا معاملہ سامنے آيا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: اتر پردیش کے جونپور ضلع میں باحجاب طالبات کو اس وقت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جب انھیں مبینہ طور پر امتحان کے لیے اسکول میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حجاب پہن کر ہائی اسکول کا امتحان دینے گئیں 4 مسلم طالبات کو امتحان مرکز میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

یہ واقعہ سروودے انٹر کالج، کھدولی واقع امتحان مرکز کا بتایا جا رہا ہے، جو کہ ماڈرن کانوینٹ اسکول سمیت کئی دیگر کالجوں کے طلبا و طالبات کا بھی امتحان مرکز ہے۔ چاروں مسلم طالبات کا الزام ہے کہ پیر کے روز وہ ہندی کا امتحان دینے حجاب پہن کر پہنچی تھیں، جہاں چیکنگ پوائنٹ پر انھیں حجاب کی وجہ سے اندر جانے سے روک دیا گیا۔

اس کے بعد جب یہ طالبات واپس لوٹیں تو انھیں دیکھ کر باقی 6 دیگر طالبات نے بھی امتحان چھوڑ دیا۔ حالانکہ اس طرح کے کسی بھی معاملے سے کالج انتظامیہ نے انکار کر دیا ہے اور سبھی الزامات کو جھوٹ پر مبنی بتایا ہے۔

 

ٹیگس