Mar ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: وقف بل پر احتجاج کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں؛ مولانا ارشد مدنی

جمعیۃعلماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ مسلمان ایسے کسی قانون کو تسلیم نہیں کرسکتے جس سے وقف کی ہیئت اور واقف کی منشا بدل جائے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق جمعیۃعلماء ہند کے صدر مولانا ارشدمدنی نے کہا کہ پچھلے بارہ سال سے مسلمان انتہائی صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں لیکن اب جبکہ وقف املاک کے تعلق سے مسلمانوں کی تشویش اور تحفظات کو نظرانداز کرتے ہوئے زبردستی ایک غیر آئینی قانون لایا جا رہا ہے تو پھر احتجاج کے علاوہ کوئی دوسراراستہ نہیں بچتا، خاص طور پر اپنے مذہبی حقوق کے لئے پرامن احتجاج ملک کے ہر شہری کا جمہوری حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے یہ کہتے آئے ہیں کہ مسلمان ایسے کسی قانون کو تسلیم نہیں کرسکتے جس سے وقف کی ہیئت اور واقف کی منشابدل جائے۔
مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی ورکنگ کمیٹی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر خدا نخواستہ نیا وقف قانون پاس ہو جاتا ہے تو جمعیۃ علماء ہند کی تمام صوبائی یونٹ اس قانون کو اپنی اپنی ریاستوں کے ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گی اور ساتھ ہی جمعیۃ علماء ہند، سپریم کورٹ کا بھی رخ اس یقین کے ساتھ کرے گی کہ ہمیں انصاف ضرور ملے گا کیوں کہ ہمارے لئے آخری سہارا عدالتیں ہی رہ جاتی ہیں۔

ٹیگس