حکومت شیئر بازار میں متاثرہ سرمایہ کاروں کو ریلیف دینے کے لیے قدم اٹھائے: پرمود تیواری
ہندوستانی راجبہ سبھا میں آج منگل کے دن شیئر بازار میں غیر متوقع گراوٹ کا معاملہ اٹھایا گیا اور حکومت سے بری طرح متاثر ہوئے چھوٹے سرمایہ کاروں کو ریلیف دینے پر مبنی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گيا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریس کے پرمود تیواری نے وقفہ صفر کے دوران ایوان میں یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ شیئر بازار میں غیر متوقع گراوٹ سے 95 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار کو اب ہندوستانی بازار پسند نہیں آرہا ہے اور انہوں نے بڑی مقدار میں اپنا پیسہ نکال لیا ہے۔ اس کی وجہ سے ہندوستانی بازار میں 12 فیصد کمی آئی ہے اور حکومت خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے سرمایہ کار اس سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ملک میں معاشی کساد بازاری کے خدشات سے لوگ خوفزدہ ہیں۔ پرمود تیواری نے کہا کہ متعدد چھوٹے سرمایہ کاروں نے ایس آئی پی بند کردی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو ان لوگوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔