ہندوستانی وزیر اعظم مودی سری لنکا کا دورہ مکمل کرکے ہندوستان کے لیے روانہ
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سری لنکا کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد اتوار کو ہندوستان کے لئے روانہ ہوگئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ان کا دورہ یقینی طور پر دو طرفہ تعلقات کو تقویت دے گا۔ انہوں نے ان کے دورے کے دوران ان کا پرتپاک استقبال کرنے کے لئے سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر مودی نے مزید لکھا کہ "انورادھاپورا میں، صدر انورا کمارا دیسانائیکے اور میں نے مشترکہ طور پر موجودہ ماہو-اومان تھائی ریلوے لائن کے ٹریک کی جدید کاری کا افتتاح کیا۔ سگنلنگ پروجیکٹ کا بھی آغاز کیا گیا، جس میں ماہو-انورادھاپورا سیکشن پر جدید سگنلنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کی تنصیب شامل ہے۔ ہندوستان کو سری لنکا کے ترقیاتی سفر کے مختلف پہلوؤں میں تعاون کرنے پر فخر ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نریندر مودی کا سری لنکا کا یہ تین روزہ دورہ تھا اور انورا کمارا دیسانائیکے کے صدر بننے کے بعد نریندر مودی کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ تھا۔