ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں 48 سیاحتی مقامات بند
Apr ۳۰, ۲۰۲۵ ۰۶:۵۹ Asia/Tehran
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں درجنوں سیاحتی مقامات کو بند کردیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق پہلگام دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر وادی کشمیر کے اڑتالیس سیاحتی مقامات کو بند کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وادی میں سیکورٹی خدشات اور دہشت گردانہ حملوں کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ ایک سیکورٹی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بندش عارضی ہے اور سیکورٹی کے نقائص اور خدشات دور کرنے کے بعد یہ مقامات بھی کھول دیئے جائيں گے۔
اس سیکورٹی عہدیدار نے بتایا ہے کہ جو سیاحتی مقامات کھلے ہوئے ہیں، وہاں سیکورٹی کے اضافی انتظامات کئےگئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکے علاقے پہلگام میں سیاحوں پردہشت گردانہ حملے میں چھبیس غیر ریاستی سیاح ہلاک ہوگئے تھے۔