ہندوستانی پارلیمنٹ میں تعطل ختم، پیر سے ایوان کی کارروائی معمول پر لوٹے گی
ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زيریں لوک سبھا میں گذشتہ کئی دنوں سے جاری تعطل ختم کرنے اور ایوان کی کارروائی پرسکون طریقے سے چلانے پر آخرکار اتفاق رائے حاصل ہو گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ اطلاعات کے مطابق، ہندوستانی پارلیمنٹ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں جاری تعطل کو ختم کرنے کے لئے تمام جماعتوں کے سرکردہ لیڈروں کی میٹنگ بلائی جس میں تعطل کو ختم کرنے اور پیر کے روز سے ایوان کی کارروائی کو بحسن وخوبی چلانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ سے موصولہ اطلاع کے مطابق اس میٹنگ میں پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو، ارجن رام میگھوال کے علاوہ مختلف پارٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس سے قبل آج صبح جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، لوک سبھا میں ہنگامہ شروع ہو گیا جس پراسپیکر نے ہنگامہ کرنے والے اراکین سے کہا کہ وہ حکومت کے نمائندے کو بلا کر اور اپوزیشن کے اراکین سے بات کر کے مسئلہ حل کر سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے اراکین کو بحث کے لیے آنا ہو گا اور جان بوجھ کر ایوان میں رکاوٹ ڈالنے کا رجحان ترک کرنا ہوگا۔