Aug ۲۵, ۲۰۲۵ ۰۷:۱۳ Asia/Tehran
  • دنیا سے پیش آنے کا ٹرمپ کا رویّہ مناسب نہيں؛ ہندوستانی وزیرخارجہ کی امریکی صدر پر شدید تنقید

ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ تجارتی معاہدے پر بات چیت میں ہندوستان کے پاس کچھ سرخ لکیریں ہیں اور حکومت، کسانوں اور چھوٹے پروڈیوسروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی وزير خارجہ جے شنکر نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب کچھ دنوں بعد امریکہ ہندوستانی مصنوعات پر اضافی ٹیرف لگانے جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک پروگرام میں کہا کہ اس وقت ہندوستان۔ امریکہ کے تعلقات میں تین بڑے مسائل ہیں جس میں تجارت ، ٹیرف اور روس سے خام تیل کی خریداری اور پاکستان کے معاملے پر واشنگٹن کی مداخلت شامل ہے۔ دراصل، ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات اس وقت خراب ہوئے جب صدر ٹرمپ نے ہندوستانی اشیاء پر پچاس فیصد ٹیرف عائد کیا، جس میں روسی خام تیل کی خریداری کی وجہ سے اضافی پچیس فیصد ڈیوٹی بھی شامل ہے۔ یہ پچیس فیصد ڈیوٹی پہلے ہی لاگو ہو چکی ہے اور اضافی کا اطلاق ستائیس اگست سے ہو گا۔
جے شنکر نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا دنیا سے نمٹنے کا انداز امریکہ کی روایتی خارجہ پالیسی سے بالکل مختلف ہے اور پوری دنیا اس تبدیلی کا سامنا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی کوئی ایسا امریکی صدر نہیں دیکھا جس نے اتنی عوامی سطح پر خارجہ پالیسی چلائی ہو۔ یہ تبدیلی صرف ہندوستان تک محدود نہیں ہے۔

ٹیگس