ہندوستان، پنجاب سمیت شمالی ریاستوں میں ریکارڈ بارشیں، 29 افراد ہلاک
بھاری بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہماچل پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں معمولات زندگی مفلوج، پنجاب میں ایک ماہ کے دوران 29 افراد ہلاک ہوگئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کی شمالی ریاستوں میں مون سون کی بارشوں کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم اور کافی مقدار میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے ہماچل پردیش، پنجاب اور ہریانہ شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں، جس کے نتیجے میں عوام کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
پنجاب میں یکم اگست سے یکم ستمبر تک بارش کی وجہ سے مختلف حادثات میں کم از کم 29 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
پنجاب کے ریونیو وزیر ہر دیپ سنگھ منڈیاں نے بتایا کہ مسلسل بارشوں اور سیلاب نے ریاست کے تقریباً ہر علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے انسانی جانوں، کھیتی باڑی، مویشیوں اور بنیادی ڈھانچے کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چینئی کے علاقے منالی اور اس کے مضافات میں اچانک کلاوڈ برسٹ کے بعد شدید بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں شہر کے کئی حصے زیر آب آگئے ہیں۔