ہندوستان: بہار اسمبلی انتخابات کے دوران ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت
ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے بہار اسمبلی انتخابات کے دوران ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
بدھ کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس نے ریاست کے چیف سکریٹری اور چیف الیکٹورل آفیسر کو ریاست میں انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ساتھ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ کمیشن نے دوسو تینتالیس رکنی بہار اسمبلی کے انتخابی شیڈول کا اعلان پیرچھے اکتوبر کو کیا تھا اور اس کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ یہ ہدایات بہار سے متعلق کسی بھی اعلان یا پالیسی فیصلے سے متعلق مرکزی حکومت پر بھی لاگو ہوں گی۔

کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران سرکاری اور غیر سرکاری املاک اور احاطے کو نعروں اور پوسٹروں سے خراب کرنے پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ انتخابات کے دوران افراد کی رازداری کے حق کا احترام کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران تمام جماعتوں کو یکساں شرائط پرگراؤنڈز اور ہیلی پیڈ جیسی سہولیات فراہم کی جائیں۔ سیاسی جماعتوں کے لیے اس طرح کی سہولیات کے لیے درخواست دینے کے لیے کمیشن کے پلیٹ فارم پر سوویدھا نامی ایک ماڈیول شروع کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بہار میں انتخابات دو مرحلوں میں چھے اور گیارہ نومبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی چودہ نومبر کو ہوگی۔