ہندوستان: بہار انتخابات، جے ڈی یو کی فہرست میں مسلمان امیدوار کا نام ندارد، سابق مسلمان وزیر نے پارٹی چھوڑی
ہندوستان کی ریاست بہار میں آئندہ ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے مختلف سیاسی پارٹیاں اپنے امیدواروں کی فہرستیں جاری کر رہی ہیں، اسی کڑی میں جے ڈی یو نے اپنی فہرست جاری کی ہے جس میں ایک بھی مسلمان امیدوار کا نام نہیں ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق آئندہ ماہ بہار میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے متعلق سرگرمیاں جاری ہیں اور 6 نومبر کو ہونے والی پہلے مرحلے کی پولنگ کے لئے ہلچل تیز ہوگئی ہے اور مختلف سیاسی پارٹیاں اپنے امیدواروں کی فہرستیں جاری کر رہی ہیں۔
اسی ضمن میں قومی جمہوری اتحاد، این ڈی اے، میں شامل پارٹی جنتادل یونائیٹڈ، جے ڈی یو، نے اپنی پہلی فہرست جاری کی ہے۔ 57 ناموں پر مشتمل اس فہرست میں ایک بھی مسلم امیدوار کا نام شامل نہیں ہے۔ جے ڈی یو بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی ہے، جو خود کو سیکولر پارٹی کہتی ہے اور مسلم ووٹوں کی بھی دعویدار ہے۔
ادھر جے ڈی یو لیڈر اور سابق ریاستی وزیر خورشید عرف فیروز احمد نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ (نتیش کمار) پوری طرح سے بی جے پی کی گرفت میں چلے گئے ہیں۔
بی جے پی نے اب تک اپنے امیدواروں کی دو فہرستیں جاری کی ہیں لیکن اس نے بھی اپنی فہرستوں میں کسی مسلمان امیدوار کو جگہ نہیں دی ہے۔ این ڈی اے میں شامل ہندوستانی عوام مورچہ اور لوک جن شکتی پارٹیوں نے بھی اپنی فہرستوں میں کسی مسلم امیدوار کو شامل نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ بہار میں دو مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہوں گے، پہلے مرحلے میں 6 نومبر کو اور دوسرے مرحلے میں 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 14 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ بہار کی ریاستی اسمبلی میں 243 نشستیں ہیں اور اکثریت کے لئے 122 نشستیں درکار ہوں گی۔