امریکی صدر کا مودی کو پیغام، حزب اختلاف کو نیا ہتھیار
دیوالی پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کے پیغام نے ہندوستانی اپوزیشن کو مودی کے خلاف مہم چلانے کا ایک اور موقع فراہم کردیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی خصوصی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انھوں نے فون پر ہندوستان کے وزیر اعظم سے بات کی ہے اور دیوالی کی مبارکباد پیش کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم سے تجارت سمیت مختلف موضوعات پر بات ہوئی ہے۔
ٹرمپ نے دعوی کیا کہ مسٹر مودی نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا۔
اسی کے ساتھ پاکستانی ابلاغیاتی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے مودی کو تنبیہ کی ہے پاکستان سے کسی بھی صورت میں جنگ نہیں ہونی چاہئے۔
ہندوستانی میڈیا رپوٹوں کے مطابق مسٹر مودی نے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ فون پر ٹرمپ نے انہیں دیوالی کی مبارکباد پیش کی ہے۔
اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما جے رام رمیش نے کہا ہے کہ مودی جی چھپاتے ہیں لیکن ٹرمپ سب بتادیتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے ہندوستان سے روس سے تیل کی خریداری بند کرنے کا بارہا مطالبہ کیا ہے ۔ ٹرمپ نے اس سلسلے میں بارہا ہندوستان کو دھمکی آمیز پیغام بھی دیئے ہیں۔
اگر چہ ہندوستان کے مختلف وزرا یہ کہتے رہے ہیں کہ حکومت کسی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کرے گی اور اپنے قومی مفاد میں فیصلہ کرتی ہے لیکن حزب اختلاف کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم مودی ٹرمپ کے دعووں اور دھمکیوں کا جواب دیں۔