حکومت صاف ہوا مانگنے والوں سے مجرموں جیسا سلوک کرتی ہے:راہل گاندھی
کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ صاف ہوا ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن جب شہری صاف ہوا کا حق مانگتے ہیں تو حکومت ان کے ساتھ مجرموں کی طرح پیش آتی ہے -
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے پیر کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ آئین نے ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیا ہے اور حکومت کو اس حق کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہئے-
راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ فضائی آلودگی کروڑوں ہندوستانیوں کو متاثر کر رہی ہے، بچوں اور ملک کے مستقبل کو نقصان پہنچا رہی ہے، لیکن "ووٹ چوری سے اقتدار میں آنے والی حکومت" اس سنگین بحران سے نمٹنے کے بجائے ، خاموش ہے اور اس کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
دوسری جانب دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے خلاف درجنوں شہریوں نے انڈیا گیٹ پر حکومت کی بے حسی کے خلاف احتجاج کیا۔ پولیس نے کچھ مظاہرین کو حراست میں لیا جو بعد میں رہا کر دیئے گئے۔