ہندوستان ، بہار میں ووٹوں کی گنتی جاری، این ڈی اے کو بڑی کامیابی کے اشارے
ہندوستان کی ریاست بہار میں انتخابات کے نتائج کے رجحانات میں این ڈی اے کو زبردست کامیابی ملتی نظر آ رہی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے، 199 سیٹوں پر آگے چل رہا ہے جبکہ ایم جی بی، مہاگٹھ بندھن، محض 38 سیٹوں پر آگے ہے جس کی وجہ سے بی جے پی اور اس کے حامی جشن کی تیاری کر رہے ہيں جبکہ کانگریس کے رہنما اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے ، جو حالات ہریانہ کے بعد مہاراشٹرا میں بنے وہی حالات یہاں بنے ہيں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے یہ لوگ طاقت اور دولت کا استعمال کرتے ہيں اس کا تصور بھی نہيں کیا جا سکتا، الیکشن کمیشن ان کا ساتھ دے رہا ہے۔
دورسری طرف بی جے پی کے رہنما ستیش پونیا نے کہا ہے کہ بہار میں نتائج کے رجحانات سے پتہ چلتا ہے کہ این ڈی اے کے اکثریت کے ساتھ حکومت بنے گی ۔ یہ ووٹ بہار میں قانون کی اصلاح اور ترقی کے لئے ہے اور عوام نے "جنگل راج " کو مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بہار میں انتخابات کے نتائج کا باقاعدہ اعلان ابھی باقی ہے۔