ہندوستان: ممبئی میں شدید بارش کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک
ہندوستان کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں تیز ہوا اور شدید بارش کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ممبئی کے مانخوردعلاقے میں شدید بارش کے دوران ایک رہائشی عمارت گرنے سے چھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو الگ الگ حادثات میں مزید دو افراد کی موت واقع ہوئی۔
دی ہندو انگریزی اخبار کے مطابق عمارت کے ملبے تلے کئی افراد دب گئے تھے جنہیں ریسکیو ٹیمیں نکالنے میں مصروف رہیں۔ ایک اور انگریزی اخبار دی انڈین ایکسپریس کے مطابق، عمارت اتوار کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے منہدم ہوئی۔ ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ مزید پانچ افراد اسپتال منتقل کئے جانے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ہلاک ہونے والے چھ افراد میں سے پانچ کم عمر بچے تھے۔ ایک شخص زخمی ہوا تاہم، دی ہندو کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ عمارت گرنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
ادھر میئر آفس کے مطابق، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے فوری طور پر گوونڈی پہنچ گئیں۔ انہوں نے گوونڈی اسپتال کا دورہ کیا، ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت پیش کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقامی ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی بھی موجود تھے۔
دوسری طرف کرلا علاقے میں شدید بارش کے باعث ایک درخت دکان پر گر گیا، جس کے نتیجے میں 63 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel