ہندوستان: آسام میں سیلاب کی صورت حال سنگین، 31 افراد ہلاک
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں سیلاب کی صورت حال سنگین ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 31 ہوگئی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں شدید بارش کے سبب بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور سب سے خراب حالات آسام کے ہیں، جہاں سیلاب اور مسلسل بارش کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔
آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 21 افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی ہے۔ ریاست کے 16 اضلاع میں 5 لاکھ سے زیادہ افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ریاست آسام میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہونے والا ضلع شیو ساگر ہے جہاں 3 لاکھ 59 ہزار افراد سیلاب کی زد میں ہیں اور سب سے زیادہ اموات 13 اسی ضلع میں ہوئی ہیں۔ آسام میں برہم پترا، دیکھو، دیسانگ اور دھانسیری سمیت کئی بڑی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel