ہندوستان: کانپور میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دو پائلٹ ہلاک
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں ایک ہوائی حادثہ رونما ہوا ہے جس میں دو پائلٹوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے شہر کانپور میں ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ واقعہ گنگا بیراج کے قریب تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔ حادثے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ کانپور کے پولیس کمشنر رگھویر لال نے دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حادثہ کانپور کے گنگا بیراج علاقے میں پیش آیا۔
گنگا کے کنارے سے ایک طیارے کا ملبہ ملا ہے۔ پولیس اور دیگر ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ طیارے کی شناخت اور مرنے والے پائلٹوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ طیارہ نجی کمپنی کا تھا یا کسی سرکاری ادارے کا۔
پولیس کے کئی اعلیٰ عہدیدار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور متعدد تھانوں کی فورس بھی جائے وقوع پر جمع ہوگئی ہے۔
پولیس کمشنر رگھویر لال نے بتایا کہ یہ حادثہ آج صبح 11:30 بجے کے قریب پیش آیا۔ ڈی جی سی اے آفس کو اس واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ یہ چار سیٹوں والا طیارہ تھا جس میں ایک انسٹرکٹر اور ایک ٹرینی تھا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel