ہندوستان: منی پور میں پھر نسلی تشدد، 5 افراد ہلاک
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں ایک بار پھر نسلی تشدد بھڑک اٹھا ہے۔ دو الگ الگ واقعات میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: آج موصول ہونے والی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مقامی پولیس نے اتوار کو 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تین افراد کی موت فائرنگ کے تبادلے میں ہوئی، جبکہ دو دیگر افراد کی لاشیں تلاشی مہم کے دوران برآمد کی گئیں۔
پولیس کے مطابق، پہلا واقعہ ریاست کے نونی ضلع میں ہفتہ کے روز پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس واقعے میں کوکی قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والے تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے اپنے بیان میں فائرنگ میں ملوث افراد کو نامعلوم مسلح شرپسند قرار دیا ہے۔
دوسرے واقعے میں کوکی برادری ہی کے دو افراد کی لاشیں اتوار کی صبح کانگ پوکپی ضلع سے برآمد ہوئیں۔ یہ دونوں افراد رواں ہفتے کے آغاز سے لاپتہ تھے۔ پولیس کے مطابق، سیکورٹی اہلکاروں نے ان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کی تھی، جس کے بعد ان کی لاشیں ملیں۔
اطلاعات کے مطابق کوکی قبائلی برادری کی ایک اہم تنظیم نے ان ہلاکتوں کا الزام ناگا علیحدگی پسند تنظیموں پر عائد کیا ہے۔ تنظیم نے ان واقعات کو کوکی برادری کے آبائی علاقے میں براہ راست اور بلا اشتعال حملہ قرار دیا ہے تاہم، ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یہ ہلاکتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب منی پور کے صدر مقام امپھال سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ان مظاہروں میں لاکھوں افراد کی شرکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ مظاہرین کوکی مسلح گروپوں اور ہندوستانی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel