علاقائی بحرانوں کو حل کرنے میں ایران کی شرکت پر تاکید
Sep ۲۸, ۲۰۱۵ ۰۷:۴۲ Asia/Tehran
عراق کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران بحران شام اور دوسرے بحرانوں کو حل کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے اتوار کے دن نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ایک دوسرے سے ملاقات کی۔جس میں اہم علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ عراقی وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں اس بات پر تاکید کی کہ ایران بحران شام اور دوسرے بحرانوں کو حل کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ابراہیم جعفری نے اس کے ساتھ ان بحرانوں کو حل کرنے کے لئے ایران کی وسیع شرکت کی اپیل بھی کی۔ عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے سانحہ منی کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات انجام دیئے جانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی۔