ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کرنے سے امریکہ کی شکست ہو گی، صالحی
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کرکے امریکہ، شکست سے دوچار ہو جائے گا۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ، علی اکبر صالحی نے العالم سے گفتگو میں امریکہ کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کئے جانے کی صورت میں ایران کے ردعمل کے بارے میں کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کرنے سے خود امریکہ کو شکست ہو گی اس لئے کہ آئی اے ای اے نے صراحت کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ایران، ایٹمی ہتھیاروں کے درپے نہیں رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر ہوا ہے کہ دو ہزار تین تک اس عالمی ایجنسی کو نادرست اطلاعات فراہم کی جاتی رہی ہیں۔ علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے پر عمل کرتے ہوئے ایران نے نطنز اور فردو کی تنصیبات میں سینٹری فیوج مشینوں کی تعداد میں کمی کرنا شروع کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی مانند ایٹمی معاہدے پر عمل کرنا پانچ جمع ایک گروپ کا بھی فریضہ ہے۔