شام کی ارضی سالمیت کے احترام پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ شام کا بحران اس ملک کی ارضی سالمیت، خود مختاری اور قومی اتحاد کے احترام کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔
وزارت خارجہ کے پریس آفس کی رپورٹ کے مطابق حسین امیر عبداللہیان نے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دی میستورا کے ساتھ بدھ کے دن ٹیلی فونی گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے مقابلے اور سیاسی عمل کے دوران حقیقت پسندی سے کام لیا جانا چاہئے اور ایسے اقدامات انجام نہیں دیے جانے چاہئیں جو دہشت گرد گروہوں کی تقویت کا موجب بنتے ہوں۔
اس ٹیلی فونی گفتگو کے دوران جنیوا میں شامی حکومت اور مخالفین کے مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں شام کے بحران کے حل میں ایران کے تعمیری اور موثر کردار کی جانب اشارہ کیا اور جنیوا میں مستقبل قریب میں ہونے والے مذاکرات سے متعلق اپنی کوششوں کی ایک رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ان مذاکرات سے مستقبل قریب میں شام کا بحران حل کرنے میں مدد ملے گی۔