Mar ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • علاقے کے ملکوں کے ساتھ ہمہ جانبہ تعاون ایران کی خارجہ پالیسی کی اہم اور بنیادی ترجیحات میں شامل ہے: جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ علاقے کے ملکوں کے ساتھ ہمہ جانبہ تعاون اس کی خارجہ پالیسی کی اہم اور بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تھائی لینڈ میں ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ منسٹیریل میٹنگ کے رکن ملکوں کے چودہویں اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم اور دیگر علاقائی تنظیموں منجملہ ای سی او کے مابین تعاون علاقائی تعاون کی توسیع اور ایشیا کی ترقی و پیشرفت میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے- وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ایران اے سی ڈی ایم ایم کے ثقافتی پروگرام کو آگے بڑھانے میں پیش پیش ہے اور اس میدان میں تعاون کے لئے تہران میں ایک مرکز بھی قائم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میدان میں باہمی تعاون ایشیائی اقوام کے مابین زیادہ سے زیادہ قربت اور اتحاد میں مدد دے گا- انہوں نے اس اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ایران ستمبر دو ہزار سولہ میں ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ منسٹیریل میٹنگ یا اے سی ڈی ایم ایم کے رکن ملکوں کے وزرائے سیاحت کے اجلاس کی میزبانی کرے گا-

وزیر خارجہ جواد ظریف نے گذشتہ سنیچر سے ایشیا اور بحرالکاہل کے چھے ملکوں کا دورہ شروع کیا اور وہ انڈونیشیا ، سنگاپور اور برونئی کے بعد بدھ کی رات تھائی لینڈ پہنچے ہیں- وہ بینکاک میں اپنے قیام کے دوران تھائی لینڈ کے اعلی حکام سے بھی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ٹیگس