ایران تھائی لینڈ تعلقات کے فروغ پر زور
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے تہران بینکاک تعلقات کے فروغ اور اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعے کے روز تھائی لینڈ کے وزیراعظم پرا یوت چن اوچا سے بینکاک میں ملاقات اور باہمی دلچسپی کے تمام معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہمارے نمائندے کے مطابق اس ملاقات میں جن معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں سیاحت ، زراعت، توانائی ، پیٹروکیمیکل، دواسازی، سرمایہ کاری، اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے شامل ہیں۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ تھائی لینڈ سمیت تمام ایشیائی ملکوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور تھائی لینڈ کے درمیان تاجروں کی رفت آمد میں آسانیاں پیدا کرنا اور دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری چینل کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔
تھائی لینڈ کے وزیراعظم پرایوت چن اوچا نے بینکاک اور تہران کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ ، جنوبی مشرقی ایشیا کے ملکوں کے دورے کے موقع پر بدھ کے روز بینکاک پہنچے تھے جہاں انہوں نے ایشیائی تعاون ڈائیلاگ یا اے سی ڈی کے اجلاس میں بھی شرکت کی ۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اے سی ڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس تنطیم کے تمام رکن ملکوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پوری طرح تیا رہے۔