عید غدیر کا اہم پیغام تعیین امامت ہے ، رہبر انقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ غدیر کا اہم ترین پیغام اسلام میں حکومت کے قاعدے اور ضابطے کے عنوان سے امامت کا تعیّن ہے
منگل کو عید سعید غدیر کے موقع پر ایران کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے رہبرانقلاب اسلامی سے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی - اس موقع پر رہبرانقلاب اسلامی نے عید غدیرکی مبارکبادپیش کرتے ہوئے فرمایا کہ واقعہ غدیر اسلامی معاشرے میں حکومت کے قاعدے اور ضابطے کی بنیاد ہے اور یہ واقعہ ثابت کرتاہے کہ دین اسلام ضابطہ امامت و ولایت کے علاوہ، شاہی اور موروثی حکومتوں یا زور و زر اور شہوت پرستی اور اشرافی حکومتوں جیسے کسی بھی حکومتی ماڈل کو قبول نہیں کرتا - آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی بے مثال خصوصیات خاص طور پر ان کی حکومتی خصوصیتوں منجملہ ان کے عدل و انصاف ، تقوا کی جانب معاشرے کی ہدایت اور دنیوی باتوں سے دوری اوراجتناب کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ایمان کامل ، اسلام میں سبقت ، راہ اسلام میں فداکاری ، اخلاص ، ایثار، عفو و درگذرحضرت علی علیہ السلام کی اہم ترین معنوی اور انسانی خصوصیات ہیں - رہبرانقلاب اسلامی نے غدیر کے موضوع کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے پیغمبراسلام کے لئے خدا وندعالم کے اس حکم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امامت کے تعین کے تعلق سے رسالت کا کام مکمل کردیا جائے فرمایا کہ یہ اسلامی عقیدہ محکم اور ناقابل انکار استدلال اور ماخذ پر استوار ہے لیکن اس عقیدے کو اس طرح سے بیان نہیں کیا جانا چاہئے کہ جس سے اہل سنت بھائیوں کے جذبات مشتعل ہوں کیونکہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا آئمہ معصومین علیھم السلام کی سیرت کے خلاف ہے - رہبرانقلاب اسلامی نے عالم اسلام میں اتحاد کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے فرمایا کہ شیعہ کے نام سے دیگر اسلامی فرقوں کے جذبات کو جو لوگ مشتعل کرتے ہیں درحقیقت وہ برطانوی شیعیت کے پیرو ہیں جس کے نتیجے میں داعش اورجبہہ النصرہ جیسے امریکا اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسی سے وابستہ خبیث اور آلہ کار گروہ وجود میں آئے ہیں جنھوں نے علاقے میں بے شمار جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے - آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران کے اقتصادی نظام میں دشمن اس لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے تاکہ ایرانی عوام اسلامی جمہوری نظام سے ناراض ہوجائیں - آپ نے استقامتی معیشت پر عمل پیرا ہونے کے بارے میں اپنی بار بار کی تاکیدات کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ ان حالات میں حکومت، پارلیمنٹ اور مختلف شعبوں کے حکام اور عوام کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمن کے مقصد کو ناکام بنانے کے لئے اقدام اور منصوبہ بندی کریں - آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ان بے شمار نوجوانوں کی برکت سے جو اسلام اور دین کے احیا کے لئے مسلسل کوششوں میں لگے ہوئے ہیں اسلامی جمہوریہ ایران مجموعی طور پر صحیح راستے پر گامزن ہے - آپ نے فرمایا کہ یہ نوجوان امریکا اور صیہونی حکومت جیسے ہر دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے-