ایران کے میزائلی پروگرام کے بارے میں مغرب کا موقف سیاسی نعرہ ہے
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی توانائیوں اور میزائلی پروگرام کے بارے میں مغرب کا موقف محض ایک سیاسی نعرہ ہے۔
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کی شام تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے میزائلی پروگرام کے بارے میں مغربی ملکوں کو اپنا موقف واضح کرنا چـاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یورپی ممالک ایران کی دفاعی توانائیوں کا معاملہ اٹھاتے ہیں تو انہیں علاقے کے ملکوں کو اپنے اربوں ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت اور اس علاقے کو اسلحہ و گولہ بارود کے گوداموں میں تبدیل کرنے کے بارے میں بھی موقف اپنانا چاہئے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی وزیرخارجہ نے اپنے دورہ تہران سے قبل دعوی کیا ہے کہ ایران کا میزائلی پروگرام فرانس اور اس کے اتحادیوں کے لئے تشویش کا باعث ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورپی ملکوں کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران نے ہمیشہ ایک دعویدار کی حیثیت سے بات کی ہے اور مقابل فریق ہمیشہ جواب دہی کی پوزیشن میں رہا ہے کیونکہ ایران نے ایٹمی معاہدے سے متعلق اپنے سبھی وعدوں پر عمل کیا ہے۔
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے یمن پر سعودی عرب کے حملوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یمن کے بارے میں یورپی فریقوں سے بات چیت یمن کے معاملے کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے دائرے میں ہی ہوتی ہے۔