سامراجی طاقتوں کے خلاف ایرانی قوم کا قیام امریکہ کے لئے مسئلہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکہ کا سب سے بڑا مسئلہ ایرانی عوام کی جانب سے سامراجی طاقتوں کے خلاف قیام ہے، کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کوشش ہے کہ مغربی ایشیا کے علاقے میں دہشت گرد گروہوں کو تشکیل دے کر ایران کی سلامتی کو خطرے سے دوچار کرے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے امریکی سامراج کے مقابلے میں بعض علاقوں کے ملکوں کے مفاد پرستانہ موقف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ایران کے لئے باعث افتخار ہے کہ ایران، امریکہ کی عالمی آمریت کے خلاف کھڑا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے عالمی یوم القدس کی آمد کے موقع پر کہا کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) ہمیشہ ہی غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے پر تاکید کرتے رہے اور ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل علاقے میں ایک کینسر کے پھوڑے میں بدل چکا ہے اور علاقے کو نا امن کردیا ہے اور آج ہم بخوبی مشاہدہ کر رہے ہیں کہ اسرائیل کا کردار علاقے کو نا امن کرنے میں کس حد تک خطرناک ہے۔
واضح رہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کا نام دیا اور اس روز پوری دنیا میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرے ہوتے ہیں اور لوگ اسرائیل کی نسل پرستانہ اور تسلط پسندانہ پالیسیوں سے اظہار بیزاری کرتے ہیں۔