Mar ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران جوہری معاہدے پر یورپ کا انتظار نہیں کرے گا

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے جوہری معاہدے پر یورپ کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری معاہدے پر یورپ کا مزید انتظار نہیں کرے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ہمارے نمائندے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ یورپی ممالک کو جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہئیے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے فرانس کے پارلیمانی کمیشن میں دہشتگرد گروہ منافقین کے سرغنے کی موجودگی پر کہا کہ ایران نے اس ملک میں دہشتگردوں کی موجودگی کے حوالے سے یورپ اور فرانس سے احتجاج کیا ہے۔

محمد جواد ظریف نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ بعض امریکی حکام دہشتگرد گروہ منافقین کے تنخواہ یافتہ تھے کہا کہ وہائٹ ہاوس کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اپنے ٹیکس کے گوشوارے میں اس بات کا اعتراف کیا کہ اس نے دہشتگرد گروہ منافقین سے رقم لی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ  کا  تہران سے ہالینڈ کے سفیر کی واپسی پر کہنا تھا کہ ایران نے غیر قانونی طور پر ایران کے دو سفارتکاروں کو ہالینڈ سے نکالنے کے رد عمل میں  ہالینڈ کے دو سفارتکاروں کو نکل جانے کا حکم دیا جس پر ہالینڈ نے اپنے سفیر کو مشورے کیلئے ہالینڈ طلب کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ وینزویلا کے بحران پر کہا کہ امریکہ مسلسل اس ملک میں مداخلت کر رہا ہے اور اس قسم کی مداخلتوں کے آغاز پر ہی ایران نے واضح طور پر کہا کہ اس کی روک تھام اور اس اقدام کی ممانعت ہونی چاہئیے ۔

ٹیگس