Mar ۲۹, ۲۰۱۹ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
  • یوم الارض صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف استقامت کی علامت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ یوم الارض فلسطینیوں کی تاریخ اور ان کی استقامتی ثقافت میں ایک سنگ میل ہے کہ جس نے صیہونی حکومت کے غاصبانہ اقدامات کے مقابلے میں استقامت کو زندہ رکھا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے تیس مارچ یوم الارض فلسطین کی آمد کی مناسبت سے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوم الارض، مظلوم فلسطینی عوام کی  سیاسی اور مجاہدانہ زندگی کے ایک حصے کے طور پر بدستور باقی ہے جو تشدد، نسلی تفریق، زمینوں پر غاصبانہ قبضے، فلسطینیوں کے دیہی علاقوں کی مسماری اور فلسطینی عوام کو ان کے گھروں سے بے گھر کئے جانے جیسے اقدامات کے خلاف احتجاج کے طور پر سامنے آیا اور آج بھی یوم الارض اسی قوت کے ساتھ منایا جا رہا ہے-

ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور صیہونی حکومت کی حمایت پر مبنی امریکی حکومت کے اقدامات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو برقرار کرنے کی بعض عرب ملکوں کی کوششوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے-

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اقدامات نے ثابت کر دیا ہے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ خفیہ اور اعلانیہ طور پر تعلقات برقرار کرنے کی کوششوں سے فلسطینیوں کے حقوق کی  بازیابی اور عرب و اسلامی سرزمینوں پر صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کو ختم کرانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی-

ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام صرف استقامت کو جاری رکھنے اور فلسطین  کے سبھی علاقوں کی آزادی، فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور فلسطینیوں کی اپنی مرضی سے ایک مکمل فلسطینی ریاست کے قیام  سے ہی ممکن ہو گا- ایک ایسی متحدہ فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو-

 

ٹیگس