Apr ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۷ Asia/Tehran
  • مغربی ایران کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جنگی پیمانے پر امدادی کارروائیاں

ایران کے مختلف علاقوں میں سیلاب پر قابو پا لیا گیا ہے اور راحت رسانی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔

امداد رسانی کے کاموں میں مصروف دستوں کے مطابق گزشتہ دو دن کے دوران شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے کئی دیہات اور بستیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں لیکن کہیں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    قابل ذکر ہے کہ اتوار سے شروع ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے سے پہلے ہی وہ سارے دیہات اور بستیاں جو سیلاب کی زد پر تھیں، لوگوں سے خالی کرالی گئی تھیں۔

اس درمیان سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری یونٹ کے کمانڈر جنرل محمد پاکپور نے کہا ہے کہ سپاہ کے متعدد ہیلی کاپٹروں کو امداد رسانی میں کام آنے والے وسائل و آلات کے ساتھ ایران کے مغربی صوبے لرستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے-

جنرل پاکپور نے کہا کہ سپاہ کے ہیلی کاپٹروں، سپاہ کی امام علی انجینیئرنگ کور کے دستے اور سپاہ پاسداران کے فیلڈ اسپتال کو صوبہ لرستان روانہ کر دیا گیا ہے جہاں وہ سیلاب متاثرین کی فوری مدد کریں گے-

سپاہ پاسداران کی بری یونٹ کے کمانڈر جنرل پاکپور بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا قریب سے مشاہدہ اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے صوبہ لرستان پہنچ گئے ہیں-

دریں اثنا اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی انسان دوستانہ اداروں منجملہ عالمی ریڈکراس کمیٹی نے بھی ایران کے سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کے لئے امدادی کارروائیوں میں شریک ہونے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے-

ایران میں اقوام متحدہ کے انسان دوستانہ امداد کے کوآرڈینیشن دفتر نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کرنے کے لئے یہ ادارہ پوری طرح تیار ہے-

اقوام متحدہ کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے اور امداد رسانی کے لئے اپنی ٹیم وہاں بھیجنے کو تیار ہے-

  عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور ہلال احمر کی بین الاقوامی فیڈریشن نے بھی ایران کی جمعیت ہلال احمر کے نام اپنے پیغام میں سیلاب سے متاثرین کے لئے ہر طرح کی امداد پہنچانے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

برطانیہ ، جرمنی ، جمہوریہ آذربائیجان اور ترکی کی بھی ریڈ کراس کمیٹیوں اور ہلال احمر نے بھی الگ الگ پیغامات ارسال کر کے سیلاب سے جاں بحق ہونے والے اور متاثرین کے لواحقین سے اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے امدادی کارروائیوں میں ایران کی جمعیت ہلال احمر کے ساتھ تعاون  کی یقین دہانی کرائی ہے-

پچھلے دنوں شدید بارش کے نتیجے میں ایران کے متعدد صوبوں منجملہ گلستان، شیراز، مازندران، فارس، لرستان اور کرمانشاہ میں شدید سیلاب آگیا ہے-

 

ٹیگس