سپاہ پاسداران کو دہشتگرد قرار دینا نیتن یاہو کیلئے امریکہ کا انتخابی تحفہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشتگرد گروہ قرار دینے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے نیتن یاہو کیلئے امریکہ کا انتخابی تحفہ اور خطرناک کھیل قرار دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشتگرد گروہ قرار دینا دراصل امریکہ کا ایک اور گمراہ کن اقدام ہے جو اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کیلئے امریکہ کا انتخابی تحفہ اور خطرناک کھیل شمار ہوتا ہے۔
ادھر برطانیہ میں تعینات ایران کے سفیر نے اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر کے اقدام کو احمقانہ قرار دیا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اراکین نے امریکی فیصلے کی بھر پور انداز میں مذمت کی۔
ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ رات ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسیوں کے تسلسل میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشتگرد تنظیم کی فہرست میں شامل کیاجس کے جواب میں اعلی ایرانی سلامتی کونسل نے امریکہ کو دہشتگردوں کا حامی قرار دیتے ہوئے امریکی سینٹ کام فورس کو دہشتگرد گروہ قراردیا.